بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیکرپاکستان نے خطے میں پوزیشن مستحکم کر لی،جنرل (ر) عبدالقیوم

بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیکرپاکستان نے خطے میں پوزیشن مستحکم کر لی،جنرل (ر) عبدالقیوم

امریکہ اور چین کے ساتھ اپنے تعلقات میں توازن برقرار رکھنے کی ضرورت ہے،وائس چیئرمین ادارہ نظریہ پاکستان

آج عالمی طاقتیں پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کر رہی ہے، ملک میں سیاسی ومعاشی استحکام کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اپنا مثبت کردار ادا کریں،تقریب سے خطاب

لاہور

بھارت کی حالیہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کرپاکستان نے اس خطے میں اپنی پوزیشن مضبوط و مستحکم کر لی ہے ، آج عالمی طاقتیں پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کر رہی ہے ، امریکہ اور چین کے ساتھ اپنے تعلقات میں توازن برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ، ملک میں سیاسی ومعاشی استحکام کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔

ان خیالات کااظہار وائس چیئرمین ادارہ نظریہ پاکستان و صدر ایکس سروس مین سوسائٹی جنرل (ر) عبدالقیوم نے ایوان قائداعظم فورم کی خصوصی نشست بعنوان ” عالمی سیاسی منظر نامہ میں پاکستان کو درپیش چیلنجز “ کے دوران کیا ۔

اس نشست کا اہتمام ادارہ نظریہ پاکستان نے کیا تھااور اس میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، کینیرڈ کالج سمیت لاہور کے 5 کالجز کی طالبات نے شرکت کی۔

اس موقع پر ممبر بورڈ آف گورنرز ادارہ نظریہ پاکستان میاں سلمان فاروق‘ سیکرٹری ناہید عمران گل‘ پرفیسر انجم نظامی اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نظامت کے فرائض محمد سیف اللہ چوہدری نے انجام دیئے۔

جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا 712ء میں محمد بن قاسم اس خطہ میں اسلام کی شمع لیکر آئے اور رفتہ رفتہ یہاں اسلام کی روشن کرنیں بکھرنے لگیں ۔

مسلمانوں نے اس خطے میں تقریباً ایک ہزار سال تک حکومت کی اس کے بعد یہاں انگریز حاکم بن گئے۔ مسلمانوں کو دورِ غلامی سے نجات دلانے میں سرسید احمد خان، علامہ محمد اقبال، قائداعظم سمیت دیگر مشاہیر نے اہم کردار ادا کیا۔

یہ ملک دوقومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ‘ ہندو اور مسلمان ہر لحاظ سے الگ قوم ہیں اور یہی دوقومی نظریہ ہے ، ہمیں اپنی تاریخ اور نظریات کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ آج ہم جو کچھ ہیں پاکستان کی بدولت ہیں۔

بھارت نے آج تک پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم نہیں کیا اور اس کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے ، بھارت کی حالیہ جارحیت کا پاکستان نے جس منہ توڑ انداز میں جواب دیا اس نے اس خطہ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کر دی ہے۔ پاکستان کی بہاد رافواج نے بھارت کو ناکوں چنے چبوائے ، دشمن یہ جان گیا ہے کہ اگر پاکستان کو شکست دینا ہے تو اس کی فوج کیخلاف پراپیگنڈہ شروع کردو ۔

Comments are closed.