پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کررہا ، ہمارے خلاف سازش ہو رہی ہے ،ایاز صادق

پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا ، ہمارے خلاف سازش ہو رہی ہے ،ایاز صادق

سابق سینیٹر مشتاق احمد کی رہائی کے لیے اسحٰق ڈار یورپ سے مسلسل رابطے میں ہیں ، سپیکر قومی اسمبلی

لاہور

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا اور اس موقف کے باعث ہمارے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں جبکہ سابق سینیٹر مشتاق احمد کو اسرائیل کے چنگل سے چھڑوانے کے لیے وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار یورپ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

لاہور میں جی ٹی روڈ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ مشتاق احمد کی رہائی کے لیے اسحٰق ڈار کی قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر سن لیں، وہ یورپ سے رہائی کے لیے مسلسل رابطہ میں ہیں اور اسرائیل کے قبضے سے سابق سینیٹر کی رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں قتل عام کر رہا ہے، پاکستان نے اسرائیلی جنگ بندی اور غزہ سے واپسی کا مطالبہ کیا ہے اور اسرائیل کی پالیسی عوام سے سچی بات نہیں کرتی، اگر پاکستان فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کرتا ہے تو سازشوں کا الزام لگایا جاتا ہے، تاہم سازشیں کرنے والی قوتوں کا مقابلہ حکومت اور افواج پاکستان مشترکہ طور پر کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک ون ہو یا ٹو ہم نے سازشوں کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے مگر دشمن کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ایاز صادق نے آزاد کشمیر میں افواج پاکستان کی تنصیبات پر حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کے خون کو ضائع نہیں ہونے دیں گے اور جو لوگ کشمیر میں فوج، پولیس یا رینجرز پر حملہ کرتے ہیں انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

Comments are closed.