پاکستان ایک وحدت ہے، صوبوں کے درمیان بنیادی ضروریات کی ترسیل روکنا عوام کے ساتھ زیادتی ہے ، پروفیسر ابراہیم
ایف سی لائن حملے کی تحقیقات کی جائیں، صوبائی حکومت بے دست و پا ہے ، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا
بنوں
ولی الرحمن
امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی پروفیسر محمد ابراہیم خان نے مطالبہ کیا ہے کہ ایف سی لائن پر ہونے والے خودکش حملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ سیکورٹی فورسز اور چیک پوسٹوں کی موجودگی کے باوجود دہشت گرد ایف سی لائن تک کیسے پہنچے اور اپنے مقصد میں کامیاب کیسے ہوئے؟
پروفیسر محمد ابراہیم نے صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے جرگے کے بعد جو جرأت مندانہ مؤقف اپنایا تھا، چند روز بعد ہی اس سے پیچھے ہٹ گئے ، صوبائی حکومت امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر سرد مہری کا مظاہرہ کر رہی ہے ، جنوبی اضلاع، خصوصاً بنوں اور وزیرستان میں بدامنی بڑھ رہی ہے مگر وزیراعلیٰ اور منتخب نمائندے کردار ادا کرنے میں ناکام ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ اور عوامی نمائندے فوری طور پر بنوں کا دورہ کریں اور عوام کو اکیلا نہ چھوڑیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امن قائم کرنا صرف ایک جماعت کی ذمہ داری نہیں بلکہ تمام سیاسی قوتوں کو متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا ، ان کا کہنا تھا جماعت اسلامی امن کے قیام کے لیے سرگرم ہے ، پی ٹی آئی اور جے یو آئی اس وقت خاموش تماشائی ہیں ، ہماری کوشش تھی کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے نمائندے اور تحصیل مئیر مل بیٹھ کر کوئی منصوبہ بنائیں لیکن تاحال کامیابی نہیں ملی۔
انہوں نے ایف سی لائن پر ہونے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
صوبائی مجلسِ شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، جس کے بعد گندم اور آٹے کا بحران سر اٹھا رہا ہے، پنجاب کی جانب سے خیبر پختونخوا کو گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندی افسوسناک اور عوام دشمن فیصلہ ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک وحدت ہے، صوبوں کے درمیان بنیادی ضروریات کی ترسیل روکنا عوام کے ساتھ زیادتی ہے،انتظامی نااہلی اور صوبوں کی باہمی کشمکش کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔
پروفیسر ابراہیم نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام نومبر میں مینارِ پاکستان پر ہونے والے اجتماع عام میں جنوبی پختونخوا سے ہزاروں افراد شریک ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع پاکستان، کشمیر، فلسطین اور امت مسلمہ کے لیے امید کا پیغام ثابت ہوگا۔
اجلاس میں صوبائی سیکرٹری جنرل محمد ظہور خٹک بھی شریک تھے۔
Comments are closed.