وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بورڈ آف پیس کے اجلاس میں پاکستان کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کی جو پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کا واضح ثبوت ہے، وزیراعظم نے فلسطینیوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔ جمعرات کو یہاں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بورڈ آف پیس کے اجلاس میں پاکستان کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی، امریکی صدر نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی تحسین کی جس سے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے لئے یہ باعث فخر امر ہے کہ امریکی صدر نے پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا اور پاکستان ایک موثر اور اہم عالمی پلیئر کے طور پر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے کلیدی کردار ادا کیا، الحمد اللہ آج عالمی سطح پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے اور یہ ہماری خارجہ پالیسی کی موثر حکمت عملی کا مظہر ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے جس انداز سے فلسطینی عوام کا مقدمہ عالمی فورمز پر اٹھایا وہ قابل تحسین ہے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ، ایس سی او سمیت ہر پلیٹ فارم پر فلسطینیوں کے حق میں موثر آواز اٹھائی، وزیراعظم نے واضح موقف اختیار کیا کہ فلسطینی سرزمین پر حق فلسطینیوں کا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو حق خودارادیت ملنا چاہئے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام خطے میں پائیدار امن کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام باتیں فلسطینی عوام کی دل کی آواز ہیں اور یہ ہر مسلمان کے لئے باعث اعزاز ہیں کہ پاکستان کی قیادت نے اس انداز میں ان کی ترجمانی کی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں کی باڈی لینگویج باہمی اعتماد اور گرمجوشی کی عکاس تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام پیشرفت پاکستان کے عالمی مقام میں اضافے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی موثر انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ایک وقت تھا جب پاکستان کو سفارتی تنہائی کا سامنا تھا مگر موجودہ قیادت کی موثر حکمت عملی کے باعث آج پاکستان عالمی ایشوز پر اہم اور نمایاں کردار کے ساتھ سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب قیادت دیانتدار ہو اور قومی مفاد کو مقدم رکھے تو نتائج ہمیشہ مثبت برآمد ہوتے ہیں۔
Comments are closed.