پی ٹی وی مالی بحران کی لپیٹ میں ، عید پر ملازمین تنخواہوں اور پنشن سے محروم 

پی ٹی وی مالی بحران کی لپیٹ میں ، عید پر ملازمین تنخواہوں اور پنشن سے محروم 

 قربانی سے محروم، قرضوں میں جکڑے ملازمین نے وزیراعظم سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کر دی 

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

 قومی نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) میں مالی بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث ادارے کے موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین کو عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی تنخواہیں اور پنشن نہیں مل سکیں۔ ذرائع کے مطابق مالی بحران اس حد تک شدت اختیار کر چکا ہے کہ غیر مستقل ملازمین گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں اور قرضوں کے سہارے گزر بسر پر مجبور ہیں۔

ملازمین نے بتایا کہ رمضان المبارک اور عید الفطر پر بھی تنخواہوں کی ادائیگی تاخیر کا شکار رہی، جس کے باعث ان کے گھریلو معاملات اور مذہبی فرائض متاثر ہوئے۔ اس بار عید قربان کے موقع پر نہ صرف قربانی ممکن نہیں ہو سکی بلکہ ملازمین اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہیں۔

پی ٹی وی کے ملازمین نے ادارے میں جاری بدانتظامی، کرپشن، اقربا پروری اور سیاسی بنیادوں پر کی گئی بھرتیوں کو موجودہ بحران کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی نااہلی نے ایک قومی ادارے کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔

ملازمین نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور دیگر ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ پی ٹی وی کی ابتر صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور ادارے کو اس حال تک پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ قومی ادارہ ایک بار پھر اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے۔

Comments are closed.