پاکستانیوں کی جانیں کسی بھی تجارتی سامان سے زیادہ قیمتی ہیں ،افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سیکورٹی کلیئرنس تک بند رہے گی ، دفتر خارجہ
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اس وقت بند ہے اور سیکیورٹی صورتحال کے جائزے تک بند ہی رہے گی، پاکستانیوں کی جانیں کسی بھی تجارتی سامان سے زیادہ قیمتی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرانی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے تحت افغانستان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں،دوحہ مذاکرات کے بعد افغان سرزمین سے پاکستان پر کوئی حملہ نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ کل ہونے والے استنبول مذاکرات کے پاکستانی وفد کے بارے میں تفصیلات موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال افغان سرزمین سے دہشت گردوں کے حملے اور پاکستانیوں کے قتل عام کے بعد تبدیل ہوئی، یہ نہیں معلوم کہ نمائندہ خصوصی محمد صادق دوحہ مذاکرات میں کیوں شریک نہیں ہوئے۔
دوران پریس بریفنگ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے ان تجارتی مقامات پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں، جن میں معصوم پاکستانی شہید ہوئے، انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی جانیں کسی بھی تجارتی سامان سے زیادہ قیمتی ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ افغان سرزمین کو پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے یا اس کی سرپرستی کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چند سال قبل جب طالبان نے افغانستان کا کنٹرول سنبھالا تو اس وقت یقیناً ایک مثبت فضا تھی، مگر کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر مسلح گروہوں کی جانب سے افغان سرزمین کو پاکستان پر حملوں کے لیے استعمال کیے جانے سے صورتحال بدل گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا افغان عبوری حکام کے لیے پیغام واضح ہے کہ ان حملوں کو روکا جائے، ان مجرموں اور کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر شدت پسند دہشت گردوں کو قابو میں کیا جائے اور گرفتار کیا جائے۔

Comments are closed.