پاکستان کی تاریخی فتح نے پوری دنیا میں مسلم امہ کو نیا ولولہ دیا ، الطاف احمد بٹ

پاکستان کی تاریخی فتح نے پوری دنیا میں مسلم امہ کو نیا ولولہ دیا ، الطاف احمد بٹ

بیرونی دنیا میں کشمیری عوام کی آواز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں گی ، سردار زبیر خان

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیرمین کل جماعتی حریت کانفرنس کے سنیر راہنما الطاف احمد بٹ نے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی تاریخی فتح نے نہ صرف پوری دنیا میں ایک نئی سیاسی و سفارتی صورتحال پیدا کی ہے بلکہ مسلم امہ کے دلوں میں ایک نیا جذبہ اور ولولہ بھی پیدا کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے واہیس فار جسٹس امریکہ کے راہنما سردار زبیر خان اور پروفیسر سردار وارث سے گفتگو کرتے ہوئے کہی

الطاف احمد بٹ نے کہا کہ یہ کامیابی بطور خاص مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے لیے امید اور حوصلے کا نیا پیغام لے کر آئی ہے۔ کشمیری عوام جو کئی دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کے سائے میں جی رہے ہیں، اب زیادہ پُرعزم ہیں کہ آزادی اور حق خودارادیت کی منزل قریب ہے۔

الطاف احمد بٹ نے کہا کہ اس امید اور حوصلے کو عملی عزم میں بدلنے کے لیے پاکستان کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کے مقدمے کو مزید مضبوط انداز میں اجاگر کرے تاکہ عالمی رائے عامہ بھارت پر دباؤ ڈالنے میں مؤثر ثابت ہو۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیری اور پاکستانی بین الاقوامی محاذ پر تحریک آزادی کشمیر کے حقیقی سفیر ہیں۔ بیرونِ ملک مقیم کشمیری و پاکستانی کمیونٹی نے عالمی اداروں، انسانی حقوق کے پلیٹ فارمز اور پارلیمانوں میں کشمیر کاز کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

چیرمین سالویشن موومنٹ نے مزید کہا کہ کشمیر کا مقدمہ محض کشمیریوں کا نہیں بلکہ پوری مسلم امہ کا ہے اور اس مقصد کے لیے اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ کشمیری اپنے حقِ آزادی اور حقِ خودارادیت سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔

۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوے واہیس فار جسٹس امریکہ کے راہنما سردار زبیر نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیرونی دنیا میں کشمیری عوام کی آواز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں گی۔

سردار زبیر خان نے کہا کہ تحریکِ آزادی کشمیر کے بین الاقوامی محاذ پر اوورسیز کشمیری اور پاکستانی اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی فتح نے بھارت کو اندر سے ہلا کر رکھ دیا ہے، بھارتی ہٹ دھرمی زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتی۔ ظلم و جبر کی رات کتنی ہی طویل ہو، آزادی کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔

سردار زبیر نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے والے عناصر دراصل تحریکِ آزادی کشمیر کے دشمن ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اوورسیز کشمیری عالمی سطح پر لابنگ، میڈیا مہم اور قانونی جدوجہد کے ذریعے کشمیری عوام کی آواز دنیا تک پہنچا رہے ہیں، جبکہ قومی اتحاد اور یکجہتی ہی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

Comments are closed.