پری گل ترین نے چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کا چارج سنبھال لیا

پری گل ترین نے چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کا چارج سنبھال لیا

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

پری گل ترین نے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد کے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔ ایس پی ٹریفک ماجد اقبال اور دیگر افسران نے نئی تعینات ہونے والی سی ٹی او کا دفتر آمد پر پرجوش استقبال کیا۔

عہدہ سنبھالتے ہی سی ٹی او نے ایس پی ٹریفک، زونل ڈی ایس پیز اور دفتر کے عملے سے میٹنگ کی، جس میں ٹریفک پولیس کی مجموعی کارکردگی اور کام کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیف ٹریفک آفیسر نے ہدایات جاری کیں کہ وفاقی دارالحکومت میں جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے رش والے مقامات کی نشاندہی کی جائے اور ٹریفک کو منظم انداز میں کنٹرول کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں کے تعاون سے ٹریفک قوانین سے متعلق شعور بیدار کرنے کی مہمات کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔

پری گل ترین نے تجارتی مراکز میں روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی پارکنگ کے خلاف آپریشن کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور رش کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

سی ٹی او نے ٹریفک ایجوکیشن ونگ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور شہریوں میں ٹریفک سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے بھی احکامات جاری کیے۔ ون وہیلنگ، ہلر بازی اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھا جا سکے۔

چیف ٹریفک آفیسر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

Comments are closed.