پارلیمنٹ اہمیت کھو چکی ، کارکن احتجاج کیلئے تیار رہیں : فضل الرحمان

پارلیمنٹ اہمیت کھو چکی ، کارکن احتجاج کیلئے تیار رہیں : فضل الرحمان

ڈیرہ اسماعیل خان

ولی الرحمن

جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی اہمیت اب ختم ہو چکی ہے، کارکنوں کو اسلام آباد جانے کی تیاری کی ہدایت کردی۔

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سی پیک روٹ آپ کے لیے ہے، اسلام آباد جانےکی تیاری کریں، ہم نے جمہوریت کی سیاست کرنی ہے، ہماری سیاست گالم گلوچ اور بدتمیزی کی سیاست نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاریلیمنٹ کی اہمیت اب ختم ہو چکی ہے، ہم عوام کی جمہوریت کےقائل ہیں، 2024کا الیکشن دھاندلی زدہ تھا، چوری کامینڈیٹ قبول نہیں، 2018 میں بھی مینڈیٹ چوری ہوا، اُس الیکشن کو کبھی نہیں مانا۔

سربراہ جے یوآئی کا  کہنا تھا کہ فلسطینیوں پر ظلم ڈھائے گئے، بھوکا مارا گیا، قائد اعظم نے اسرائیل کو ناجائز ریاست کہا تھا، گرم جوشی کے ماحول میں بات چیت سے نتائج ممکنہ طور پر مثبت نہیں آئیں گے، اس لیے ضروری ہے کہ ابتدا میں کشیدگی کم کی جائے تاکہ باہمی رابطے اور گفت و شنید سے مسائل حل کیے جائیں۔

مولانا فضل الرحمان نے زور دیا کہ اب زبان بندی ہونی چاہیے، ایک دوسرے کے خلاف پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا پر الزامات بازی روک دی جائے تو باہمی رابطوں کے ذریعے مسائل کے حل کا راستہ نکل آئے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ پاکستان اور افغانستان جلد رابطے میں آئیں اور بات چیت کے ذریعے شکایات دور کرکے مستقل دوست پڑوسیوں کی طرح تعلقات اُستوار کیے جائیں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ افغان وزیر خارجہ کے دورۂ بھارت اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے پس منظر کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ اس پورے معاملے کے پیچھے متعدد اسباب اور دعوے موجود ہیں، تاہم بنیادی نقطہ یہ ہے کہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے لیے کتنے ضروری ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ بھارت کی حالیہ جارحیت کے تناظر میں کیا مغربی محاذ کھولنا ریاستی مفاد میں ہے یا نہیں۔

Comments are closed.