مستند اورمکمل سفری دستاویزات والے مسافروں کو بیرونِ ملک سفر سے نہیں روکا جائے گا ، محسن نقوی

اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کے روز اسلام آباد ایئرپورٹ کے دورے کے بعد کہا ہے کہ جن مسافروں کے پاس مستند اور مکمل سفری دستاویزات ہوں، انہیں بیرونِ ملک سفر سے نہیں روکا جانا چاہیے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ چند مہینوں میں مختلف ایئرپورٹس پر متعدد مسافروں کو درست سفری کاغذات ہونے کے باوجود پروازوں سے اتارنے کے واقعات رپورٹ ہوئے اور یہ اقدامات گزشتہ سال یونان کشتی حادثے کے بعد انسانی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے سلسلے میں کیے گئے ہیں جس میں متعدد پاکستانی بھی جاں بحق ہوئے تھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ انہوں نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں سے ان کے مسائل براہِ راست سنے۔
انہوں نے بتایا کہ جعلی ویزوں کے ذریعے معصوم لوگوں کا استحصال کرنے والے ویزا ایجنٹس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔
مزید بتایا کہ ایک مسافر کی 7 نومبر کی کم اسٹافنگ سے متعلق شکایت پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے جائزے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جس مسافر کے پاس درست اور مکمل دستاویزات ہوں، اسے کبھی نہیں روکا جانا چاہیے لیکن جعلی یا غیرتصدیق شدہ دستاویزات پر سفر کرنے کی کوشش کرنے والوں کو کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ ایسے اقدامات پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ لوگوں کے مستقبل سے کھیل کر پیسے کمانے والے ایجنٹ مافیا کے لیے زیرو ٹالرنس ہوگی۔
Comments are closed.