پیپلز پارٹی نے قومی سو سیٹوں کا حدف بنا لیا

اسلام آباد ( زورآور نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے آئندہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 100 نشستوں پر کامیابی کا ہدف بنا لیا، آنے والے دنوں میں بلاول بھٹو خیبر پختونخوا اور آصف علی زرداری لاہور میں ڈیرے ڈالیں گے۔معلومات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی سکیم حتمی مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، جس کے تحت قومی اسمبلی کی 100 نشستوں پر کامیابی کو ہدف بنایا گیا ہے اس سلسلے میں سابق صدر آصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سی ای سی ممبران سے مشاورت کرلی ہے۔ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبہ سندھ سے 50، پنجاب سے 25، خیبرپختونخوا سے 10 اور بلوچستان سے کم از کم 6 نشستیں جیتنے کی حکمت عملی بنائی ہے اس حوالے سے بڑے رہنماؤں کو اہم ٹاسک بھی سونپ دیئے گئے ہیں، پیپلزپارٹی نے کراچی کی قومی اسمبلی کی 21 نشستوں میں سے کم از کم 8 سے 10 نشستیں حاصل کرنے کا ہدف بنایا ہے، اندرون سندھ میں پیپلز پارٹی نے مکمل طور پر اپنی پوزیشن کو دوبارہ برقرار رکھنے کی حکمت عملی بنائی ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نومبر کے وسط میں خیبرپختونخوا سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، اس دوران وہ پورے صوبے میں انتخابی مہم چلائیں گے، خیبرپختونخوا کے بعد پیپلز پارٹی بلوچستان کا رخ کرے گی اور وہاں بھی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا، تیسرے مرحلے میں پیپلز پارٹی نے پنجاب کو ہدف بنایا ہے جہاں خاص توجہ شمالی اور جنوبی پنجاب پر دی جائے گی کیوں کہ جنوبی پنجاب کے بعد صوبے میں یہی وہ علاقے ہیں جہاں سے پیپلز پارٹی کو سیٹیں نکالنے کی امید ہے جب کہ انتخابی مہم کے آخری مرحلے پر کراچی سمیت اندرون سندھ میں بڑے جلسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

 

Comments are closed.