پشاور ، پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید مبینہ طور پر اغوا ، مقدمہ درج
پشاور
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کو مبینہ طور پر پشاور سے اغوا کرلیا گیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر صنم جاوید کے اغوا کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر درج کی گئی صنم جاوید کے اغوا کی ایف آئی آر میں موقف اپنایا گیا ہے کہ رات ساڑھے 10 بجے کیفے میں کھانا کھاکر کینٹ کی جانب جارہے تھے، 2 گاڑیوں میں سوار 5 نامعلوم افراد نے زبردستی روکا اور صنم جاوید کو زبردستی ساتھ لے گئے۔
صوبائی حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ کی سخت ہدایات پر اغوا کاروں کیخلاف ایف آئی آر درج کر کے فوری کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر پر مکمل انکوائری کی جائے گی، نامعلوم افراد کی شناخت کرکے ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے صنم جاوید کو 9 مئی 2023 کو تھانہ شادمان جلانے کے کیس میں 5 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

Comments are closed.