پی آئی اے ،مالی بحران،25پروازیں بند،فیول بھی نہیں مل رہا

کراچی ( زورآور نیوز) قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے مالی بحران کی وجہ سے اتوارکو بھی ملک بھر سے 25 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، کراچی سے مختلف ایئر پورٹس کی 16 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ معلومات کے مطابق قومی ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہے جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے کیوں کہ پی ایس او سے ایندھن کی فراہمی میں بھی کمی کر دی گئی ہے، جس کے باعث کراچی اسلام آباد کی 3 پرواز پی کے 300، پی کے 308 اور پی کے 340 منسوخ کردی گئیں، اسلام آباد کراچی کی 2 پروازیں پی کے 301 اور پی کے 369 منسوخ، لاہور سے کراچی کی 2 پروازیں پی کے 303 اور پی کے 307 بھی منسوخ کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ کراچی لاہور کی 3 پروازیں پی کے 302، پی کے 304 اور پی کے 306 جبکہ کراچی سے گوادر، بہاولپور، فیصل آباد آنے اور جانے کی 6 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، سیالکوٹ سے مسقط جانے اور آنے کی دو پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں جب کہ لاہور اور اسلام آباد سے کوئٹہ جانے اور آنے کی 4 پروازیں منسوخ ہوئیں، اسلام آباد سے جدہ جانے اور آنے کی 2 اور دوحہ سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 288 منسوخ کر دی گئی۔دوسری طرف کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے پائلٹ نے طیارہ غلط پارک کر دیا، جس وجہ سے مسافر طیارے میں پھنس گئے، گیٹ نہ کھلنے کی وجہ سے مسافر کافی دیر تک طیارے میں ہی موجود رہے جبکہ اس دوران طیارے کا اے سی سسٹم بھی بند ہو گیا۔ سول ایوی ایشن نے اس حوالے سے بتایا کہ طیارے کے کپتان نے طیارے کو غلط پارک کیا تھا اور غلط پارکنگ کی وجہ سے بوڈنگ برج لگنے میں تاخیرہوئی طیارے کو پش بیک کرا کر بوڈنگ برج پر لگایا گیا، بوڈنگ برج لگانے میں تاخیر کی وجہ سے مسافر طیارے میں پھنسے رہے کیوں کہ بوڈنگ برج جہاز کے گیٹ پر فکس نہیں ہو رہا تھا۔

 

Comments are closed.