اسلام آباد ، پولیس کا عید الضحیٰ کے موقع پر زائد کرایہ وصول کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ

اسلام آباد ، پولیس کا عید الضحیٰ کے موقع پر زائد کرایہ وصول کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

اسلام آباد پولیس نے عید الضحیٰ کے موقع پر زائد کرایہ وصول کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون تیز کردیا ہے ، شہریوں سے مقررہ کرایہ سے زائد وصول کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے

اسلام آباد پولیس کے سپیشل سکواڈزشہر کے تمام بس اسٹینڈز، ویگن اڈوں پر تعینا ت کر دئیے گئے ہیں ، شہری 24گھنٹے اپنی شکایات اسلام آباد پولیس کی ہیلپ لائن “پکار”15 پر درج کرواسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ سید ذیشان حیدر کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عید الضحیٰ کے موقع پرشہریوں سے زائد کرایہ وصول کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کیا ہے ۔

اس سلسلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سپیشل سکواڈ وفاقی دارالحکومت کے تمام بس اسٹینڈزاور ویگن اڈوں پر تعینات کر دئیے گئے ہیں ، جو زائد کرایہ وصول کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں عمل میں لارہے ہیں ۔

اس کے علاوہ مختلف شاہراہوں پر خصوصی ناکہ جات بھی لگائے گئے ہیں جو زائد کرایہ وصول کرنے کے ساتھ اوورلوڈنگ اور شہریوں سے بدتمیزی کرنے والے ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لا رہے ہیں ۔

سی ٹی او اسلام آباد کی جانب سے تمام زونل افسران کو ہدایا ت جاری کی گئی ہیں کہ عید الضحیٰ کے موقع پر اپنے آبائی گاوں جانے والے شہریوں کی وجہ سے بس اسٹینڈز اور ویگن اڈوں پر کافی رش ہوتا ہے جس کا ناجائزفائدہ اٹھاتے ہوئے ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز شہریوں سے زائد کرایہ وصول کرتے ہیں ایسے بس ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کسی رعایت کے مستحق نہیں ، ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

انھوں نے مزید کہا کہ شہری اپنی شکایات اسلام آباد پولیس کی ہیلپ لائن “پکار”15 پر بھی درج کرواسکتے ہیں ۔

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سفری سہولیات فراہم کرنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

Comments are closed.