مندرہ میں شادی کی تقریب پر پولیس کا چھاپہ، ڈانسرز سمیت 11 افراد گرفتار، 1.5 لاکھ روپے اور ساؤنڈ سسٹم برآمد

مندرہ میں شادی کی تقریب پر پولیس کا چھاپہ، ڈانسرز سمیت 11 افراد گرفتار، 1.5 لاکھ روپے اور ساؤنڈ سسٹم برآمد

مندرہ

شمشاد مانگٹ

تھانہ مندرہ پولیس نے رات گئے ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شادی کی تقریب میں ڈانس پارٹی اور بلند آواز میں ساؤنڈ سسٹم چلانے پر چھاپہ مار کر تین لیڈی ڈانسرز سمیت 11 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ 1 لاکھ 50 ہزار روپے نقدی، ساؤنڈ سسٹم، ایمپلی فائر اور دیگر سامان قبضہ میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق چھاپہ مندرہ کے نواحی گاؤں میں ایک حویلی میں جاری شادی کی تقریب پر مارا گیا جہاں ڈانسرز کے ساتھ فحاشی اور بے ہودہ رقص کیا جا رہا تھا اور شرکاء کی جانب سے ڈانسرز پر رقم نچھاور کی جا رہی تھی۔

پولیس ٹیم میں اے ایس آئی مظہر اقبال، لیڈی کانسٹیبلز اور دیگر اہلکار شامل تھے۔ چھاپے کے دوران موقع سے تین لیڈی ڈانسرز کو حراست میں لیا گیا جنہوں نے اپنے نام مائرہ خان، حسن علی اور عبدالرزاق کی بیٹی کے طور پر بتائے۔ کارروائی میں آٹھ مرد افراد بھی گرفتار کیے گئے جبکہ تقریب کے منتظم نعمان جبار اور 15 سے 20 نامعلوم افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ رقم ڈانسرز پر نچھاور کی گئی تھی جو تین بیگز سے برآمد ہوئی۔

پولیس نے واقعہ کے مقدمہ میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 292، 294، 188 کے علاوہ پنجاب ساؤنڈ سسٹم ایکٹ 2015 اور پنجاب میرج فنکشنز ایکٹ 2016 کی خلاف ورزی کی دفعات شامل کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق شادی بیاہ کی تقریبات میں غیر قانونی ساؤنڈ سسٹم، رات گئے فنکشنز اور فحاشی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

Comments are closed.