سیاست اپنی اپنی ،پیپلز پارٹی سے کوئی اختلاف نہیں،رانا ثناء اللہ

لاہور(زورآور نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے پیپلز پارٹی سے کوئی اختلاف نہیں، وہ اپنی اور ہم اپنی سیاست کر رہے ہیں۔انہوں نےنجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ مل کر اس کی مدد کر سکتے ہیں۔کراچی میں ہمارے پاس تین چار موثر امیدوار ہیں۔ایم کیو ایم کے ساتھ بہت ساری چیزیں طے ہونا ہے۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جہاں ہمارے امیدوار کامیاب ہو سکتے ہیں وہاں ایم کیو ایم ہمیں سپیس دے گی۔انہوں نے بلوچستان سے متعلق کہا کہ وہاں کی کچھ حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے تیار ہیں۔ ہم اپنی پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے بلوچستان جا رہے ہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ق لیگ کے ساتھ کوئی مطالبہ نہیں، ان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو تیار ہیں۔چوہدری شجاعت سے ملاقات کا بھی پلان ہے،ق لیگ سے کوئی کترانے والا معاملہ نہیں ہے۔جن ایم پی ایز نے ہمیں ووٹ دیا تھا ان سے متعلق ہم نے وعدہ پورا کیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے کوئی اختلاف نہیں ،وہ اپنی اور ہم اپنی سیاست کر رہے ہیں، ہم ایک دوسرے کو ختم کرنے کی بات نہیں کریں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا پیپلز پارٹی پنجاب میں ووٹ کے لیے ہمارے خلاف بات کر رہی ہے، جنوبی پنجاب میں 35 سے 46 سیٹیں ہماری کلیئر ہیں۔جب کہ سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ہاتھ کھلے رہیں اور انہیں عوام میں شکست دیں۔ انہوں نے انڈیپنڈنٹ اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ۔ ہاتھ بندھے ہوئے ہیں اور میرے کھلے ہوئے ہیں ایسے لڑائی میں مزہ نہیں آتا۔ انہوں نے جے یو آئی (ف) کو خیبرپختونخوا کی سب سے بڑی جماعت ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ملک کو اقتصادی چیلنجوں کاسامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی قانون کی گرفت میں ہیں، انہوں نے ریاست مخالفت اقدامات کے ہیں ان پر الیکشن میں پابندی لگ سکتی ہے لیکن میں چاہتا ہوں کہ کے ان کے ہاتھ کھلے رہیں اور انہیں عوام میں شکست دیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امن و امان کی موجودہ صورتحال میں اپنے حلقے میں انتخابی مہم نہیں چلا سکتا، میرے مدمقابل بھی کہہ رہے ہیں کہ وہ انتخابی مہم نہیں چلاسکتے، ان کو اگر اسلام آباد اور پنجاب نظر آرہا ہے تو ٹھیک ہے الیکشن لڑیں گے۔

 

 

Comments are closed.