اسلام آباد (زورآور نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر قبل از انتخابات دھاندلی کے منصوبے کا الزام عائد کردیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے کہا کہ الیکشن کمیشن قبل از انتخابات دھاندلی کا منصوبہ بندی کررہا ہے، اس مقصد کے لیے 17 اور 18 گریڈ کے افسران جن کی ریٹائرمنٹ میں ایک سال سے کم کا عرصہ رہ گیا ہے انہیں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز تعینات کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے، یہ تعیناتیاں عام انتخابات میں دھاندلی کی واضح کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ جو افسران دھاندلی کی ہدایات پر عمل کریں گے انہیں خصوصی طور پر نوازا جائے گا، اور ناکامی پر ان افسران کو ریٹائرمنٹ کی چھڑی دکھائی جائے گی، تاہم افسران کی اکثریب دھاندلی کرکے انعام پانے کا راستہ اختیار کرے گی، اس سے پاکستان کو ایسے راستے کی جانب دھکیلا جارہا ہے جہاں سے جمہوریت کی بحالی کا کوئی راستہ نہیں بچے گا، عام انتخابات سے قبل دھاندلی کے منصوبے سے واضح ہورہا ہے کہ ہم سیاہ دنوں میں داخل ہو رہے ہیں۔
علاوہ ازیں ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے خلاف چلائی جانے والی منفی پراپیگینڈا مہم کی شدید مذمت کرتے ہیں، پی ٹی آئی کی واحد سیاسی جماعت ہے جو آئین و قانون کی پاسداری پر مکمل یقین رکھتی ہے، تحریک انصاف نے 27 سالہ سیاسی تاریخ میں اپنے قائد کی تعلیمات کی روشنی میں ہمیشہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد کی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس کی بنیاد قانون کی حکمرانی اور انصاف کے نظریے پر قائم کی گئی، اس کے برعکس ملک کی دیگر سیاسی جماعتیں کسی بھی نظریے یا قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی جدوجہد کے تصور سے مکمل نابلد ہیں، تحریک انصاف قائدین و کارکنان خصوصا خواتین کے خلاف جاری بدترین ریاستی جبر و فسطائیت کے باوجود چئیرمین عمران خان کی ہدایات کے مطابق ہمیشہ آئین و قانون کو مقدم رکھا گیا، کوئی بھی مہم تحریک انصاف کی عوام میں دن بدن بڑھتی مقبولیت کو کسی طور کم نہیں کر سکتی، تحریک انصاف اپنے راستے میں آنے والی تمام تر مشکلات اور مصائب کے باجود قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔
Comments are closed.