پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس میں مزید اضافہ کرنے کی تیاریاں
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے حکومت کو پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی شرح 90 روپے تک بڑھانے کی اجازت دے دی
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس میں مزید اضافہ کرنے کی تیاریاں، حکومت کو پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی شرح 90 روپے تک بڑھانے کی اجازت دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی 60 سال کی کم ترین سطح پر آ جانے کی دعویدار حکومت نے عوام پر نئے مالی سال کے آغاز پر نیا پٹرول بم گرانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
اس حوالے سے جمعرات کے روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں اہم پیش رفت ہوئی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں حکومت کو رواں مالی سال پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی شرح 90 روپے تک بڑھانے کی اجازت مل گئی۔ وزارت خزانہ حکام کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو آئندہ مالی سال کے دوران حکومت لیوی کی شرح 90 روپے کر سکتی ہے۔
جبکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے پٹرولیم لیوی کے ساتھ کاربن لیوی بھی عائد کرنے کی تجویز منظور کر لی۔ بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال سے پٹرولیم لیوی کے علاوہ پٹرولیم مصنوعات پر کاربن لیوی بھی عائد کی جا سکے گی۔ فرنس آئل پر بھی پٹرولیم لیوی عائد کرنے کی تجویز ہے جس سے 100 ارب ریونیو متوقع ہے۔ وزارت خزانہ حکام کے مطابق ایک ہزار میگاواٹ کے آئی پی پیز کیلئے 1.2 ملین ٹن فرنس آئل امپورٹ کیا جاتا ہے۔

Comments are closed.