فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تعریف کرنا میرے لیے اعزاز ہے ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تعریف کرنا میرے لیے اعزاز ہے ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کی عسکری قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تعریف کرنا میرے لیے اعزاز ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں دنیا بھر سے بلائے گئے آٹھ سو سے زائد امریکی فوجی جنرلوں سے اپنے تاریخی خطاب میں کہا کہ تین دن پہلے پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر یہاں پر موجود تھے، انہوں نے دو امریکی جنرلز کے سامنے پاکستان بھارت جنگ رکوانے میں میرے کلیدی کردار کو سراہا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تعریف کرنا میرے لیے اعزاز ہے، فیلڈ مارشل نےکہا کہ صدر ٹرمپ نے جنگ رکوا کر لاکھوں جانیں بچائیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ تبصرہ مجھے بہت اچھا لگا۔

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں ایک بار پھر پاکستان بھارت جنگ رکوانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دونوں ملکوں سے کہا کہ جنگ روکو اور تجارت کرو۔ بھارت اور پاکستان دونوں بڑے ایٹمی ملک ہیں۔ پاک بھارت جنگ میں 7 طیارے گرائے گئے۔

امریکی صدرنے کہا کہ اسرائیل اور عرب رہنما ہماری امن تجاویز کو منظور کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم حماس کی طرف سے امن تجاویز قبول کرنے کا انتظار کر رہے ہیں۔حماس کے پاس امن تجاویز کا جواب دینے کے لیے 3 سے 4 دن ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ حماس نے امن معاہدے کے تجاویز منظور نہ کیں تو بہت افسوسناک انجام ہوگا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو بھی مذاکرات کی میز پر ایک ساتھ دیکھنا چاہتا ہوں۔

Comments are closed.