وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ خیبرپختونخوا ، سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا ، تجاوزات اور ٹمبر مافیا کیخلاف سخت کارروائی کا حکم
وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ خیبرپختونخوا ، سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا ، تجاوزات اور ٹمبر مافیا کیخلاف سخت کارروائی کا حکم
پشاور
ولی الرحمن
وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا کے ہمراہ خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، تجاوزات اور ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا عطاء اللہ تارڑ، امیر مقام اور احسن اقبال کے ہمراہ خیبرپختونخوا کے سیلاب زددہ علاقوں سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی کا فضائی جائزہ لیا۔
وزیراعظم نے شدید بارشوں کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان کا ذمے دار تجاوزات اور ٹمبر مافیا کو قراردیتے ہوئے ان کے کے خلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کردیا۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خیبر پختونخوا میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نےبونیر میں سیلاب زدگان سے ملاقات کی اور ان میں امدادی چیک بھی تقسیم کیے۔
بونیر میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ناگہانی آفت میں جاں بحق افراد کےلواحقین سے افسوس کرنے آیا ہوں، اللہ تعالیٰ مرحومین کے درجات بلند کرے، شمالی علاقہ جات میں گزشتہ چند روز کے واقعات پر پوری قوم اشکبار ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع سے بڑھ کر دکھ کی کوئی اور بات نہیں ہوسکتی، بادل پھٹنے سےآبی ریلے نے طغیانی کی شکل اختیار کی جس سے نقصانات ہوئے ، 350 سے زائد افراد جاں بحق ، سیکڑوں زخمی اور لاپتا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2022میں جب سیلاب آیا تو جہاں تک ممکن ہوسکا وہاں تک گیا تھا، 2022 کے سیلاب میں بھی دلخراش واقعات دیکھے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق نے2022کےسیلاب میں امدادی رقوم کےعلاوہ 100 ارب روپے دیے تھے، وفاق آج پھر صوبوں کے ساتھ مل کر موسمیاتی آفت کا مقابلہ کررہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے کاموں میں کوئی تفریق نہیں کی جائے، موجودہ موسمی حالات میں مل کر کام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نےکہا کہ غیرقانونی ہوٹل بنانا اور اس کی اجازت دینا ناقابل معافی جرم ہے، تجاوزات کے خلاف سخت پالیسی اپنانا ہوگی، دنیا کے کسی قانون میں تجاوزات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے مطابق بارشوں کے مزید2 اسپیل آنے ہیں، متوقع بارشوں کے پیش نظر ہمیں اپنی تیاری کرنا ہوگی، ہم انسانی ذمہ داری پوری نہیں کریں گے تو اپنا ہی نقصان کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک افواج اور سول انتظامیہ کے ریسکیو آپریشنز کو سراہتے ہیں، فیلڈ مارشل کی سربراہی میں پاک فوج دن رات سیلاب زدگان کی مدد کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک گھر ہے اس کو ہم سب نے مل کر سنوارنا ہے،قرضوں سےنجات کیلئے ہمیں اپنا پیسہ ٹھیک جگہ پر استعمال کرنا ہے، تجاوزات پیسے کے ضیاع کے مترادف ہیں، تحریک چلائیں کہ ندی نالوں کے ساتھ تعمیرات نہ ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاق کےتمام وسائل متاثرہ عوام کیلئے بروئےکار لائیں گے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے انتہائی متاثرہ 10ممالک میں شامل ہے۔
Comments are closed.