وزیراعظم شہباز شریف کا غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی امن منصوبے کا خیر مقدم، خطے میں دو ریاستی حل پر زور
اسلام آباد
وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے خطے میں پائیدار امن، سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کے اس اقدام کی مکمل حمایت کرتے ہیں جس کا مقصد جنگ بندی کو ممکن بنانا اور فریقین کو ایک دیرپا حل کی طرف لے جانا ہے۔
وزیراعظم نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ فلسطینی عوام اور اسرائیل کے درمیان پائیدار امن نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی سطح پر استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ اس اہم اور فوری معاہدے کو حقیقت بنانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعظم نے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے کردار کی بھی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ دو ریاستی حل کا نفاذ ہی واحد راستہ ہے جو فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان دیرپا امن کو ممکن بنا سکتا ہے، اور یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق ہے۔
Comments are closed.