وزیراعظم شہباز شریف کا قطر کا ایک روزہ دورہ، امیر قطر سے ملاقات میں اسرائیلی جارحیت پر مشاورت

وزیراعظم شہباز شریف کا قطر کا ایک روزہ دورہ، امیر قطر سے ملاقات میں اسرائیلی جارحیت پر مشاورت

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر دوحہ، قطر روانہ ہوگئے۔ اس دورے کا مقصد قطر پر اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں قطری قیادت اور عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف دوحہ میں امیر قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حماد الثانی سے خصوصی ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں قطر پر بلاجواز اسرائیلی حملوں، بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور خطے میں جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے حوالے سے مشاورت بھی ہوگی۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان قطر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں قطری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے۔ پاکستان نے اسرائیل کی مسلسل جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں امن کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں، جو مشترکہ عقیدے، اقدار اور برادرانہ رشتوں پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک خطے اور عالمی سطح پر امن، ترقی اور تعاون کے شراکت دار ہیں۔

واضح رہے کہ قطر حالیہ دنوں میں اسرائیلی جارحیت کی زد میں آیا ہے جس پر عالمی برادری نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسرائیل کے یہ حملے نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ یہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہیں۔

پاکستان ہمیشہ سے فلسطین اور مسلم امہ کے ساتھ یکجہتی کے اصولی مؤقف پر قائم رہا ہے۔ ماضی میں بھی پاکستان نے اسرائیلی مظالم کی مذمت کی اور عالمی برادری کو متحرک کرنے کے لیے کردار ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ انہی کوششوں کا تسلسل ہے تاکہ برادر اسلامی ملک قطر کے ساتھ بھرپور حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔

Comments are closed.