اسلام آباد ، صحافیوں پر حملوں کا سلسلہ تھم نہ سکا،معروف صحافی قاسم منیر قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ، ہسپتال منتقل

اسلام آباد ، صحافیوں پر حملوں کا سلسلہ تھم نہ سکا،معروف صحافی قاسم منیر قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ، ہسپتال منتقل

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صحافیوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق آج ایک اور حملے میں معروف صحافی قاسم منیر اور ان کے ساتھی صحافی تیمور کو نامعلوم گاڑی سوار نے موٹر سائیکل پر ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔ حملے میں تیمور شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، حملے میں دونوں صحافیوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوا، اور تیمور کو جسمانی طور پر زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ اس واقعے سے چند روز قبل بھی صحافی قاسم منیر پر ایک حملہ کیا گیا تھا، جس میں انہیں شدید زخمی کیا گیا تھا۔ تاہم، حملہ آور اس وقت بھی کامیاب نہ ہو سکے اور ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

یہ مسلسل حملے وفاقی دارالحکومت میں صحافیوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھا رہے ہیں۔ صحافیوں کی برادری نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے صحافیوں کی جان و مال کی حفاظت کی جائے۔ صحافیوں کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں آئے روز میڈیا نمائندوں پر حملے انتہائی شرمناک ہیں اور یہ آزادیِ صحافت پر سنگین حملہ ہیں۔

صحافتی تنظیموں نے اس واقعے کے بعد حکومت کے تحفظات پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ صحافیوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو صحافیوں کے تحفظ کے لیے مزید سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، اور حملہ آوروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔

Comments are closed.