پی ٹی آئی کا 9 مئی کیسز میں پارٹی رہنماؤں کو سزاؤں کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان
سب سے اپیل کرتا ہوں کہ بہت ہو گیا اور اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے، چیئرمین بیرسٹر گوہر
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے 9 مئی کیسز میں پارٹی رہنماؤں کو سزاؤں کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دیگر رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو انصاف کا قتل قرار دے دیا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ بہت ہو گیا اور اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔
پی ٹی آئی چئیرمین نے کہا کہ ناانصافی کی چھری اِسی طرح چلتی رہی تو ملک مزید تقسیم ہوگا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ انصاف دور دور تک نظر نہیں آتا اور اب عدالتوں پراعتماد بھی نہیں رہا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمنٹ ربر اسٹیمپ بن چکی ہے اور اِسے پارلیمنٹ کہنا بھی گناہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے ہم کھڑے ہیں اور رہیں گے۔
یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق دو اہم مقدمات، راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا ہے۔
عدالت کی جانب سے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ، سابق صوبائی وزیر یاسمین راشد ، سینیٹر اعجاز چوہدری ، سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید اور عائشہ بھٹہ کو دونوں مقدمات میں 10، 10 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
عدالت کی جانب سے عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو 5،5 برس قید کی سزا سنائی گئی۔
اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں ٹرائل کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
Comments are closed.