پی ٹی آئی کا ملک گیر عوامی رابطہ مہم کا آغاز ، نومبر میں کراچی میں ’ بڑی عوامی ریلی’ کا اعلان

پی ٹی آئی کا ملک گیر عوامی رابطہ مہم کا آغاز ، نومبر میں کراچی میں ’ بڑی عوامی ریلی’ کا اعلان

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک گیر عوامی رابطہ مہم کا آغاز اور نومبر کے دوران کراچی میں ’ بڑی عوامی ریلی’ نکالنے کا اعلان کر دیا۔

جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجا کے کراچی کے دورے کے دوران کیا گیا، اپنے دورے میں انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی، جن میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، پارلیمانی لیڈر شبیر قریشی اور جمال صدیقی شامل تھے۔

سلمان اکرم راجا نے موجودہ سیاسی صورتحال، چیئرمین عمران خان کی رہائی کی حکمت عملی اور تنظیمی امور پر تفصیلی مشاورت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے اعلان کیا کہ نومبر میں ’ کراچی میں ایک بڑی عوامی ریلی منعقد کی جائے گی’، جس کے بعد حیدرآباد اور دیگر بڑے شہروں میں بھی اسی نوعیت کے اجتماعات ہوں گے تاکہ ملک گیر عوامی رابطہ مہم کو فروغ دیا جا سکے۔

سینئر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارٹی عمران خان کی رہائی کے لیے متحد اور متحرک ہے۔

بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ’ہم آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے پرعزم ہیں، سچ اور انصاف کی جیت ہوگی، عمران خان کے خلاف بنائے گئے تمام جھوٹے مقدمات عدالتوں میں غلط ثابت ہو رہے ہیں، تاہم انصاف میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، لیکن یہ بے بنیاد مقدمات جلد ختم ہو جائیں گے۔‘

انہوں نے عمران خان کا پیغام دہراتے ہوئے کہا کہ ’سرپرستِ اعلیٰ عمران خان نے قوم کو ہدایت دی ہے کہ اللہ تعالیٰ پر ایمان رکھیں، جیت ہمیشہ سچ کی ہوتی ہے، انہوں نے پارٹی کو ہدایت دی ہے کہ ظلم و ناانصافی کے خلاف عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے ملک بھر میں ریلیوں کے ذریعے عوام سے رابطہ کیا جائے۔‘

سندھ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ’گزشتہ 17 سالوں میں سندھ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ کراچی سے لے کر اندرونِ سندھ تک تمام شہر زبوں حالی کا شکار ہیں، قانون کی بالادستی نہ ہونے اور بدامنی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

بیرسٹر سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود سندھ کے کئی شہروں کا دورہ کیا اور ’ ہر جگہ مایوسی اور ویرانی کا منظر دیکھا۔’

اگست 2023 سے قید عمران خان اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں اور مئی 9 کے واقعات سے متعلق انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت دیگر مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی نے بارہا اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ عمران خان تک رسائی محدود کر دی گئی ہے اور ان کے اہل خانہ، وکلا اور ساتھیوں کو ان سے ملاقات سے روکا جا رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے پارٹی نے کہا تھا کہ عمران خان نے پیشکش کی ہے کہ اگر انہیں پیرول پر رہا کیا جائے تو وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی سمیت دیگر مسائل کے حل میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اسی ماہ کے اوائل میں پارٹی نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا تھا کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل سے کسی نامعلوم مقام پر منتقل کیا جا سکتا ہے تاکہ ان کی اپنے اہل خانہ اور قانونی ٹیم سے ملاقاتوں کو روکا جا سکے۔

Comments are closed.