کوئٹہ ، پسند کی شادی کا الزام ، بھائیوں نے حاملہ بہن اور بہنوئی کو قتل کردیا

کوئٹہ ، پسند کی شادی کرنے پر بھائیوں نے حاملہ بہن اور بہنوئی کو قتل کردیا

مقتولہ کے بھائیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ، گرفتاری کے لیے کارروائی شروع

کوئٹہ

بلوچستان میں غیرت کے نام پر ایک اور جوڑے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ۔ لیویز حکام کے مطابق بھائیوں نے حاملہ بہن اور بہنوئی کو پسند کی شادی کرنے پر قتل کردیا۔

ایس ایچ او لیویز تھانہ ولی خان پیر جان کے مطابق واقعہ مستونگ کے علاقے لکپاس کے قریب نوشکی کراس پر پیش آیا، جہاں مقتول محمد شعیب اور اس کی حاملہ بیوی بے نظیر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں کو کوئٹہ ایک دعوت کے بہانے بلایا گیا تھا۔ شعیب اپنی بیوی اور بھائی کے ہمراہ پنجگور سے روانہ ہوا اور رات لکپاس کے ایک ہوٹل میں قیام کیا۔

صبح کے وقت مقتولہ کے بھائیوں نے فون کرکے ان کی لوکیشن حاصل کی اور ہوٹل پہنچ کر دونوں کو گولیوں سے نشانہ بنایا گیا ، واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

مقتولین کی عمریں 27 سے 28 سال کے درمیان تھیں۔ شعیب کا تعلق پنجگور کے علاقے چتکان سے جبکہ بے نظیر کا تعلق کوئٹہ کے ہزار گنجی سے تھا۔

دونوں نے سات برس قبل پسند کی شادی کرکے کورٹ میرج کی تھی، جس کے بعد بے نظیر کے اہل خانہ ناراض تھے۔

 انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل دونوں خاندانوں کے درمیان صلح ہوگئی تھی، بے نظیر پانچ ماہ کی حاملہ تھیں اور ان کے دو کمسن بچے، جن کی عمریں 6 اور 3 سال ہیں، لیویز نے مقتولہ کے بھائیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

Comments are closed.