کراچی میں بارش سے تباہی ، ندی نالے لبریز، فوج طلب، سیکڑوں افراد ریسکیو

کراچی میں بارش سے تباہی ، ندی نالے لبریز، فوج طلب، سیکڑوں افراد ریسکیو

کراچی

گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے شہر کو مفلوج کر دیا، ملیر اور لیاری کی ندیاں دریاؤں میں تبدیل ہو گئیں، نشیبی علاقے ڈوب گئے اور سیلابی صورتحال کے باعث فوج، رینجرز اور ریسکیو ٹیموں نے سیکڑوں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلسل بارش سے شہر کے ڈیم اوور فلو ہو گئے، جس کے باعث پانی سعدی ٹاؤن اور اسکیم 33 سمیت کئی علاقوں میں داخل ہو گیا۔ ملیر، سہراب گوٹھ، خمیسو گوٹھ، مچھر کالونی سمیت متعدد علاقے شدید متاثر ہوئے جبکہ لیاری اور ملیر ندی میں پانی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

ریسکیو 1122، پاک فوج اور رینجرز نے مل کر مختلف علاقوں میں امدادی کارروائیاں کیں اور اب تک 200 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ سعدی ٹاؤن میں ایک گاڑی پانی کے ریلے میں بہہ گئی تھی تاہم اس میں سوار 4 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے آج مزید موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم اب بھی سندھ پر اثر انداز ہے، تاہم اگلے 8 سے 9 گھنٹے میں ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہو کر 11 ستمبر کو بلوچستان کے ساحل پر ختم ہو جائے گا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ملیر ندی کے پانی کے بہاؤ کو خطرناک قرار دیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ مسلسل کاوشوں کے بعد پانی کی سطح میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اپنی زندگی میں لیاری ندی میں اتنا پانی پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ تھڈو ڈیم کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھی جائے اور عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے۔ اس دوران کمشنر کراچی نے اسکولوں میں آج تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

Comments are closed.