راولاکوٹ ، شہدائے مظفرآباد کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز، کشمیر کے حریت پسند نوجوانوں کو خراجِ عقیدت

راولاکوٹ میں شہدائے مظفرآباد کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز، کشمیر کے حریت پسند نوجوانوں کو خراجِ عقیدت

صابر شہید اسٹیڈیم راولاکوٹ میں آٹا بجلی تحریک کے شہداء کی یاد میں کرکٹ کا میلہ، قومی ترانوں اور پرچموں سے فضا گونج اُٹھی

راولاکوٹ

صابر شہید اسٹیڈیم راولاکوٹ میں شہدائے مظفرآباد کی یاد میں ” شہدائے مظفرآباد کرکٹ ٹورنامنٹ” کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ یہ ٹورنامنٹ کاشر دیش کرکٹ کلب کے زیرِ اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے اور اس کا مقصد مظفرآباد میں آٹا بجلی تحریک کے دوران رینجرز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں چودھری اظہر الدین، ثاقب میر اور وقار اعوان کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔

ٹورنامنٹ میں ضلع پونچھ کی معروف کرکٹ ٹیمیں شریک ہیں جبکہ پاکستان کے مشہور ٹیپ بال کرکٹرز کی شرکت نے اس ایونٹ کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔ اس اسپورٹس ایونٹ نے راولاکوٹ میں ایک روحانی اور قومی جوش و جذبے سے بھرپور ماحول پیدا کر دیا ہے، جہاں کھیل کے میدانوں میں آزادی کے ترانے گونج رہے ہیں اور کشمیری پرچموں کی بہار نظر آ رہی ہے۔

شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنے کے اس انوکھے انداز نے نوجوان نسل کو مزاحمت، جدوجہد اور ثقافت سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ جہاں ایک طرف سیاسی مزاحمت کا عروج ہے، وہیں دوسری طرف کھیلوں کے ذریعے کشمیر کی قومی یکجہتی، جذبہ حریت اور ثقافتی رنگ بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔

مقامی شہریوں نوجوانوں اور سیاسی کارکنان نے اس ٹورنامنٹ کو ایک علامتی مزاحمتی ایونٹ قرار دیا ہے، جس نے شہداء کی یاد کو نئی نسل کے دلوں میں زندہ کر دیا ہے۔

یہ ٹورنامنٹ نہ صرف ایک کھیلوں کی سرگرمی ہے بلکہ شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت اور قومی شعور کو بیدار کرنے کا ایک طاقتور ذریعہ بھی ہے، جو کشمیر کے نوجوانوں میں مزاحمتی جذبے اور حب الوطنی کو مزید جِلا دے رہا ہے۔

Comments are closed.