راولپنڈی: تھانہ بنی کی حدود میں منشیات فروشوں کا راج، پولیس خاموش تماشائی ، شہریوں میں تشویش کی لہر

راولپنڈی: تھانہ بنی کی حدود میں منشیات فروشوں کا راج، پولیس خاموش تماشائی ، شہریوں میں تشویش کی لہر

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

راولپنڈی کے تھانہ بنی کی حدود میں منشیات فروشوں اور منشیات کے عادی افراد نے سڑکوں پر اپنے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، جہاں روزانہ کھلے عام نشہ کیا جاتا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، منشیات خور اکثر اوقات خطرناک اشیاء جیسے چھریاں وغیرہ بھی اپنے ساتھ رکھتے ہیں، اور علاقے میں اکثر ان کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیاں دیکھنے کو ملتی ہیں۔

منشیات کے عادی افراد کے ایک گروہ نے حال ہی میں ایک شخص پر حملہ بھی کیا تھا، جس سے علاقے میں مزید خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔ پولیس کی خاموشی اور کمزور کارکردگی کے باعث منشیات فروشوں کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں، اور وہ بغیر کسی خوف کے اپنے کاروبار کو چلانے میں مصروف ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے اس مسئلے پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی، جس کی وجہ سے اہلِ علاقہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام فوری طور پر نوٹس لیں اور تھانہ بنی کی حدود کو منشیات فروشوں سے پاک کر کے عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

شہریوں نے پولیس اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف فوری کارروائی کریں اور علاقے میں امن و سکون بحال کرنے کے لیے سخت اقدامات اٹھائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو مزید افراد نشہ کی لعنت میں مبتلا ہو سکتے ہیں، جو کہ پورے علاقے کی سیکیورٹی اور صحت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

Comments are closed.