جعلی ادویات فروخت کرنے والا بدنام ڈیلر کو 8 سال قید اور کروڑوں روپے جرمانے کی سزا

راولپنڈی ، جعلی ادویات فروخت کرنے والا بدنام ڈیلر کو 8 سال قید اور کروڑوں روپے جرمانے کی سزا

عدالت کا بڑا فیصلہ : 2 کروڑ 60 لاکھ جرمانہ، عدم ادائیگی پر مزید دو سال قید کی سزا، اڈیالہ جیل منتقل

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

راولپنڈی میں جعلی اور مضرِ صحت ادویات فروخت کرنے والے بدنام ڈیلر اور معروف برانڈ “بادشاہ دی ہٹی” کے مالک کو عدالت نے 8 سال قید اور 2 کروڑ 60 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ سزا کے ساتھ عدالت نے واضح کیا ہے کہ اگر مجرم مقررہ جرمانہ ادا نہ کر سکا تو اسے مزید 24 ماہ (دو سال) کی قید بھگتنا ہو گی۔

عدالتی فیصلے کے فوری بعد مجرم کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مجرم طویل عرصے سے مارکیٹ میں جعلی ویاگرا اور دیگر مضرِ صحت ادویات کی تیاری اور فروخت میں ملوث تھا۔ “بادشاہ دی ہٹی” کے نام سے یہ کاروبار کئی دہائیوں سے جاری تھا، جس کے ذریعے جعلی ادویات ملک بھر میں سپلائی کی جاتی تھیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک خفیہ کارروائی کے دوران اس کاروبار کو بے نقاب کیا، جس کے بعد کیس عدالت میں چلایا گیا۔ سماعت کے دوران ناقابلِ تردید شواہد اور گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر عدالت نے مجرم کو مجرمانہ فعل کا ذمہ دار قرار دیا۔

محکمہ صحت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے اس عدالتی فیصلے کو جعلی دوا فروشوں کے خلاف ایک مثالی اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Comments are closed.