راولپنڈی پولیس کی مؤثر کارروائیاں، اقدامِ قتل اور منشیات کے مقدمات میں 6 مجرمان کو سزائیں

راولپنڈی پولیس کی مؤثر کارروائیاں، اقدامِ قتل اور منشیات کے مقدمات میں 6 مجرمان کو سزائیں

معزز عدالتوں سے مجموعی طور پر 50 سال قید اور لاکھوں روپے جرمانے کی سزائیں، سی پی او کی ٹیم کو شاباش

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

راولپنڈی پولیس کی مؤثر پولیسنگ، بروقت تحقیقات اور مقدمات کی مضبوط پیروی کے نتیجے میں معزز عدالتوں نے اقدام قتل، ضرر اور منشیات کے مقدمات میں مجموعی طور پر 6 مجرمان کو سخت سزائیں سنائیں۔ عدالتوں نے مجرمان کو مجموعی طور پر 50 سال قید اور 6 لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد جرمانے، ہرجانے اور دیت کی سزائیں سنائیں۔

اقدام قتل اور ضرر کے دو الگ مقدمات میں عدالتوں نے مجرم دانیال کو اقدام قتل کے جرم میں 7 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ضرر کے جرم میں 5 سال قید، 2 لاکھ روپے ہرجانہ اور 50 ہزار روپے ضمان کی سزا سنائی۔ مجرم نے فائرنگ کر کے شہری کو زخمی کیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ نومبر 2020 میں تھانہ گوجر خان میں درج کیا گیا تھا۔

اسی نوعیت کے دوسرے مقدمے میں مجرم سعد احمد کو اقدام قتل کے جرم میں 5 سال قید اور 60 ہزار روپے جرمانہ، جبکہ ضرر کے جرم میں 4 سال قید، دیت کی رقم کا ایک تہائی حصہ اور ارش ادا کرنے کی سزا سنائی گئی۔ مجرم نے معمولی تلخ کلامی پر شہری کو فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ اپریل 2024 میں تھانہ سول لائنز میں درج کیا گیا تھا۔

منشیات کے مقدمات میں چار مجرمان کو مجموعی طور پر 36 سال قید اور 3 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں۔ لیڈی منشیات سپلائر ناہید رضا کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانہ ہوا۔ مجرمہ سے 3 کلو 600 گرام چرس برآمد ہوئی تھی، جس پر تھانہ آر اے بازار پولیس نے مئی 2025 میں گرفتار کیا تھا۔

مجرم محمد زاہد کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ اس سے 1 کلو 250 گرام چرس برآمد ہوئی تھی۔ مجرم کو جنوری 2022 میں تھانہ گوجر خان پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

مجرم عمران شفیق کو بھی 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانہ سنایا گیا۔ مجرم کے قبضے سے 1 کلو 220 گرام چرس برآمد ہوئی۔ اسے ستمبر 2022 میں تھانہ گوجر خان نے گرفتار کیا تھا۔

چوتھے منشیات فروش عمر شفیق کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ اس سے 1 کلو 280 گرام چرس برآمد ہوئی تھی۔ اسے نومبر 2022 میں تھانہ گوجر خان پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

معزز عدالتوں نے تمام مقدمات میں پولیس کی پیش کردہ ٹھوس شواہد اور قانونی ٹیم کی مؤثر پیروی کو مدنظر رکھتے ہوئے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں سنائیں۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے تمام کامیاب مقدمات پر ایس ایس پی انوسٹیگیشن، تفتیشی و لیگل ٹیموں کو شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے ناسور اور پرتشدد جرائم کے خاتمے کے لیے راولپنڈی پولیس ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

Comments are closed.