راولپنڈی، صرافہ بازار میں جعلی 5000 روپے کے نوٹوں کی بھرمار، صراف شدید پریشان،اسٹیٹ بینک اور پولیس سے کارروائی کا مطالبہ

راولپنڈی، صرافہ بازار میں جعلی 5000 روپے کے نوٹوں کی بھرمار، صراف شدید پریشان،اسٹیٹ بینک اور پولیس سے کارروائی کا مطالبہ

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

راولپنڈی میں جعلی کرنسی مافیا دوبارہ سرگرم ہو گیا ہے، جس کے باعث کاروباری حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تازہ ترین واقعے میں صرافہ بازار گولڈ مارکیٹ سے 5000 روپے مالیت کے متعدد جعلی نوٹ پکڑے گئے ہیں۔ اس انکشاف کے بعد مارکیٹ میں موجود صراف اور تاجر شدید اضطراب کا شکار ہیں۔

صرافوں کے مطابق یہ جعلی نوٹ انتہائی معیاری طریقے سے تیار کیے گئے ہیں، جنہیں عام نظر سے پرکھنا مشکل ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے کاروباری لین دین میں دھوکے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ کئی دکانداروں نے شکایت کی ہے کہ جعلی نوٹوں کی وجہ سے ان کے ہزاروں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔

بازار کے تاجروں نے اس صورتحال کو سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے حکام سے ہنگامی بنیادوں پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ صرافوں کا مطالبہ ہے کہ پولیس فوری طور پر جعلی کرنسی مافیا کے خلاف کارروائی کرے

اسٹیٹ بینک مارکیٹ میں جعلی نوٹوں کی پہچان کے لیے آگاہی مہم شروع کرے

مارکیٹ میں سیکیورٹی اور چیکنگ کا نظام مؤثر بنایا جائے

تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر اس مسئلے پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو نہ صرف کاروبار متاثر ہوگا بلکہ کرنسی پر عوام کا اعتماد بھی مجروح ہو سکتا ہے۔

علاقے کے مکینوں نے بھی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی کرنسی کے اس بڑھتے ہوئے دھندے کو روکنے کے لیے سخت کارروائی کی جائے، تاکہ معاشی سرگرمیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Comments are closed.