راولپنڈی ، بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی میں مطلوب ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک، دو ساتھی فرار

راولپنڈی ، بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی میں مطلوب ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک، دو ساتھی فرار

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

تھانہ امرال کے علاقے میں پولیس اور ملزمان کے درمیان ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے متعدد مقدمات میں مطلوب ملزم محمد عباس ہلاک ہوگیا، جب کہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزم محمد عباس معصوم بچی کے اغواء کے مقدمے میں رتہ امرال پولیس کو مطلوب تھا۔ اس کے علاوہ ملزم کے خلاف راولپنڈی اور لاہور میں بچوں اور بچیوں کے اغوا اور زیادتی کے کئی مقدمات درج تھے، اور ان سے متعلق متعدد غیر رپورٹ شدہ واقعات کی اطلاعات بھی موجود تھیں۔ ملزم کا کرمنل ریکارڈ بھی طویل تھا اور وہ کئی بچوں کے ساتھ زیادتی کے سنگین الزامات میں ملوث تھا۔

پولیس کو ملزم کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس پر چھاپہ مارا گیا۔ تاہم، جیسے ہی پولیس ٹیم نے کارروائی کی، ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ اس دوران محمد اویس سب انسپکٹر کو ایک گولی لگی، لیکن وہ بلٹ پروف جیکٹ کی بدولت محفوظ رہے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم محمد عباس زخمی ہوگیا اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس نے ملزم کے دو دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ اس کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔ ملزم محمد عباس کا ہلاک ہونا پولیس کی ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ اس کے خلاف متعدد سنگین جرائم کی اطلاعات تھیں اور اس کا گرفتاری سے بچنا عوامی تحفظ کے لیے ایک بڑا چیلنج تھا۔

Comments are closed.