راولپنڈی،شہدا کی فیملیز اور غازیوں کے اعزاز میں ویلفیئر چیکس تقسیم کرنے کی تقریب

راولپنڈی،شہدا کی فیملیز اور غازیوں کے اعزاز میں ویلفیئر چیکس تقسیم کرنے کی تقریب

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

سی پی او سید خالد ہمدانی کی قیادت میں راولپنڈی پولیس کی جانب سے شہداء کی فیملیز اور غازی اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے نمایاں اقدامات جاری ہیں۔ پولیس لائنز میں شہداء کی فیملیز اور غازیوں کے اعزاز میں ویلفیئر چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت سی پی او سید خالد ہمدانی نے کی۔ تقریب میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس پیز، ڈی ایس پیز، دیگر پولیس افسران، شہداء کی فیملیز اور غازی اہلکاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر سی پی او نے 122 شہداء کی فیملیز اور 7 غازیوں میں ویلفیئر چیکس تقسیم کیے۔ پولیس ویلفیئر پراجیکٹس کی آمدن سے شہداء کی فیملیز کو ہر ماہ 15 ہزار روپے جبکہ غازیوں کو 10 ہزار روپے کے چیکس فراہم کیے جائیں گے۔ سی پی او نے کہا کہ یہ رقم ہر ماہ ان کے گھروں تک پہنچائی جائے گی اور یہ پہلے سے دی جانے والی مراعات کے علاوہ ہو گی۔ سید خالد ہمدانی نے بتایا کہ اب تک 54 شہداء کی فیملیز کے افراد کو پولیس میں بھرتی کیا جا چکا ہے اور جو شہداء کے بچے پولیس فورس میں شامل ہونا چاہتے ہیں، ان کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

انہوں نے شہداء کی فیملیز اور غازیوں کے حوصلے کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کا فخر ہیں۔ سی پی او نے کہا کہ راولپنڈی پولیس کی محنت اور لگن سے دو اہم ویلفیئر پراجیکٹس، پولیس ویلفیئر فلنگ اسٹیشن اولڈ ایئرپورٹ اور دیگر منصوبے مختصر مدت میں مکمل ہوئے، جو قابل فخر کامیابی ہے۔ تقریب کے دوران ویلفیئر پراجیکٹس کی تکمیل میں نمایاں کردار ادا کرنے والے افسران کو اعزازات سے نوازا گیا۔

ایس پی ہیڈ کوارٹرز سردار بابر ممتاز، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز امتیاز بٹ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر غلام علی رضا، اکاؤنٹنٹ صغیر احمد، ریزرو انسپکٹر ظہیر بیگ، انچارج ویلفیئر عبداللہ خان، سب انسپکٹر محمد پرویز، کانسٹیبل نعیم اختر اور کانسٹیبل یاسر کو شیلڈز، نقد انعامات اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر ایس ایس پی آپریشنز نے سی پی او سید خالد ہمدانی کو ان کی شاندار قیادت، ویژن اور پولیس ویلفیئر کے لیے غیر معمولی اقدامات پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی۔

Comments are closed.