ریسکیو 1122 خان پور کا ارتھ ڈے 2025 کے موقع پر آگاہی واک اور شجرکاری مہم کا انعقاد

تحصیل خان پور، 22 اپریل 2025: پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ (ریسکیو 1122) خان پور نے ارتھ ڈے 2025 کے موقع پر “زمین کی پکار – آ مجھے سنوار” کے عنوان سے ایک آگاہی واک اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔ اس واک کی قیادت ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر عدیل غفار نے کی، جس میں ریسکیو اسٹیشن خان پور کے ریسکیورز اور ریسکیو محافظوں نے بھرپور شرکت کی۔

واک کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تحفظ، زمین کی آلودگی سے بچاؤ، اور شجرکاری کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔ ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر عدیل غفار نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمین کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا چاہیے، زیادہ سے زیادہ درخت لگانے چاہئیں، اور ان کی نگہداشت بھی کرنی چاہیے۔

واک کے اختتام پر ریسکیو اسٹیشن خان پور میں ایک کیمپ لگایا گیا، جہاں عوام الناس میں ارتھ ڈے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے پمفلٹس اور بروشرز تقسیم کیے گئے۔ اس کے علاوہ، اسٹیشن میں ایک پودا بھی لگایا گیا، اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے نام سے کم از کم ایک پودا ضرور لگائیں تاکہ زمین اور ماحول کو آلودگی سے بچایا جا سکے۔

ریسکیو 1122 کی یہ کاوشیں نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کے لیے اہم ہیں بلکہ عوام میں ماحولیاتی شعور بیدار کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔

Comments are closed.