ریاض ، بھارتی عمرہ زائرین کی بس کو حادثہ ، 45 افراد جاں بحق

ریاض ، بھارتی عمرہ زائرین کی بس کو حادثہ ، 45 افراد جاں بحق

ریاض ، نئی دہلی

بھارت سے سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین کی بس آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے نتیجے میں 45 افراد جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارتی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حرمین شریفین کے قریب مدینہ میں پیش آنے والے ایک افسوسناک بس حادثے میں بھارتی زائرین شامل تھے۔

بھارتی وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ’ مدینہ میں بھارتی شہریوں سے متعلق حادثے پر بہت افسوس ہے، میری دعائیں اُن خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا‘۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حادثے میں درجنوں افراد جاں بحق ہوئے ہیں، تاہم حکام نے اب تک اموات کی حتمی تعداد جاری نہیں کی۔

رپورٹ کے مطابق عمرہ کے لیے سعودی عرب میں موجود زائرین پیر کی صبح ایک بس میں مکہ سے مدینہ منورہ جا رہے تھے جہاں ان کی بس ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کے مقدس مقامات کے درمیان زائرین کی آمدورفت اکثر خطرناک ثابت ہوتی ہے، خاص طور پر حج کے دوران، جب شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہوتا ہے اور بسوں کی قطاریں طویل جام کا سبب بنتی ہیں۔

لاکھوں افراد عمرہ کی ادائیگی کے لیے بھی سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں، جو حج کے علاوہ سال بھر جاری رہتا ہے۔

مارچ 2023 میں مکہ جانے والے زائرین کی ایک بس میں حادثے کے بعد آگ لگ گئی تھی، جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 2 درجن سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

اکتوبر 2019 میں مدینہ کے قریب ایک بس اور بھاری گاڑی کے تصادم میں 35 غیر ملکی افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوئے تھے۔

Comments are closed.