سکیورٹی فورسز کی مہمند میں بڑی کارروائی، 45 سے 50 خوارج ہلاک
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
پاک فوج نے خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں دراندازی کی کوشش کرنے والے فتنۃ الخوارج کے 45 سے 50 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیز فائر کا فائدہ اٹھا کر فتنۃ الخوارج کی جانب سے خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں دراندازی کی کوشش کی گئی، جسے پاک فوج نے ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی فورسز نے آپریشن خفیہ معلومات پر کیا، اس دوران فتنۃ الخوارج کی بڑی تشکیل کو نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ کے گھنٹے تک جاری رہا، ہلاک خوارج افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے آئے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ فتنۃ الخوارج کے خلاف آپریشنز کے دوران کئی خوارج زخمی ہوئے جب کہ پاک فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور اس وقت دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے مکمل کلیئرنس آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 13 سے 15 اکتوبر 2025 کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں بھارتی ایجنسیوں کے زیر اثر دہشت گرد تنظیم ’الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 34 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 18 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جنوبی وزیرستان میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ تیسری جھڑپ ضلع بنوں میں ہوئی تھی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ پاکستان نے افغان طالبان کی سیز فائر کی درخواست پر اگلے 48 گھنٹوں کے لیے عارضی جنگ بندی کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے افغان طالبان کی درخواست پر آج شام 6 بجے سے اگلے 48 گھنٹوں کے لیے عارضی سیز فائر کا فیصلہ کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلح افواج اور سیکیورٹی ایجنسیز کو خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ شمالی و جنوبی وزیرستان اور بنّوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں قابلِ فخر ہیں، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں سے ملک میں امن و استحکام کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔
Comments are closed.