سیکیورٹی فورسز کی کرم میں کارروائی، 7 خارجی دہشتگرد ہلاک، کیپٹن نعمان سمیت 6 جوان شہید
راولپنڈی
شمشاد مانگٹ
سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 جوان بھی شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 اکتوبر 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرم کے علاقے دوگر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، جہاں بھارتی ایجنسیوں کے زیرِ اثر گروہ فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 7 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
مزید بتایا کہ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع میانوالی کے رہائشی اور بہادر نوجوان میڈیکل افسر 24 سالہ کیپٹن نعمان سلیم شہید ہو گئے، آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف طبی امداد فراہم کرنے کے فرائض انجام دے رہے تھے بلکہ دلیرانہ انداز میں دشمن کے خلاف لڑے، ان کے ساتھ پانچ جوانوں نے بھی وطن پر اپنی جان قربان کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں صوابی کے 39 سالہ حوالدار امجد علی، راولپنڈی کے 36 سالہ نائیک وقاص احمد، شکارپور کے 23 سالہ سپاہی اعجاز علی، جہلم کے 23 سال سپاہی محمد ولید، خیرپور کے 32 سالہ سپاہی محمد شہباز شامل ہیں۔

Comments are closed.