سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا این ایچ اے کےکرپٹ افسران کو ڈی چوک میں لٹکانے کا مطالبہ
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
سینیٹ ذیلی کمیٹی مواصلات میں سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) افسران کو بدعنوانی اورکرپشن کے الزامات کی بنیاد پر ڈی چوک میں لٹکانے کا مطالبہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق سینیٹر کامل علی آغا کی زیرِ صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، سیکریٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے نے کمیٹی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔
اجلاس میں این ایچ اے حکام نے بتایا کہ کیرج 3 منصوبہ بلیک لسٹ کمپنی کو دئیے جانے کے حوالے سے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی گئی ہے، لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر نو منصوبے میں مبینہ بدعنوانی کے باعث چیئرمین این ایچ اے کو تبدیل کیا گیا ہے۔
کمیٹی اجلاس میں سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے استفسار کیا کہ این ایچ اے نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو کیا لکھا ہے، ہمارے ساتھ اے ڈی بی کے ساتھ خط و کتابت شئیر کی جائے۔
جس پر این ایچ اے حکام نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک اس سارے معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے، اے ڈی بی نیا کنٹریکٹ دینے کا کہہ رہا ہے، اے ڈی بی نے ہمیں تحریری ہدایات نہیں دی ہیں۔
جس پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ اس کمیٹی کے ساتھ غلط بیانی کی جا رہی ہے، نا اہل کمپنیوں کو ٹھیکا دے کر منصوبوں پر اخراجات میں کئی گنا اضافہ کیا جاتا ہے، این ایچ اے کا ایک جونئیر افسر چوری کا دفاع کر رہا ہے۔

Comments are closed.