عمرہ کے سفر سے روکے جانے پر شیخ رشید کا امیگریشن حکام کے خلاف عدالت سے رجوع
راولپنڈی
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے عمرہ پر جانے سے روکے جانے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی ہے۔
شیخ رشید احمد نے یہ درخواست اپنے وکیل سردار عبدالرزاق خان ایڈووکیٹ کے ذریعے جمع کرائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے انہیں عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہونے کی اجازت دی تھی، تاہم اس کے باوجود امیگریشن حکام نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انہیں ایئرپورٹ پر روک دیا۔
درخواست کے مطابق، گزشتہ روز شیخ رشید عمرہ کی ادائیگی کے لیے روانہ ہونے والے تھے، مگر امیگریشن عملے نے بغیر کسی قانونی جواز کے سفر سے روک دیا۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ یہ اقدام عدالتی فیصلے کی توہین کے مترادف ہے، اس لیے متعلقہ حکام کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان نے چند روز قبل شیخ رشید احمد کو عمرہ پر جانے کی اجازت دیتے ہوئے وفاقی حکومت اور ایف آئی اے کو ان کے سفر میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا حکم دیا تھا۔
سیاسی حلقوں کے مطابق، شیخ رشید کی عمرہ پر روانگی میں رکاوٹ کے بعد وفاقی اداروں کے اختیارات اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
Comments are closed.