سدرہ قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت، مزید گرفتاریوں کا امکان

سدرہ قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت، مزید گرفتاریوں کا امکان

مقتولہ کی قبر کشائی کے بعد حاصل نمونے فرانزک لیب لاہور بھیج دیے گئے

راولپنڈی

راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں جرگے کے حکم پر شادی شدہ خاتون سدرہ کے قتل کے کیس میں پولیس نے تفتیش میں اہم پیش رفت کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ اور جرگے کے مقام کا دورہ کرکے شواہد اکٹھے کیے ہیں اور قبرستان میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے پتا چلا کہ 15 افراد لوڈر رکشے میں لاش لے کر قبرستان پہنچے، تدفین کے بعد نلکے سے ہاتھ دھو کر واپس روانہ ہوگئے۔

اس فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور گرفتاریوں کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

گرفتار ملزمان نے جرگے میں شریک دیگر افراد کے نام تفتیشی ٹیم کو بتا دیے ہیں جس کی روشنی میں مزید کئی مرد و خواتین کی گرفتاری کا امکان ہے۔

مقتولہ کی قبر کشائی کے بعد حاصل نمونے فرانزک لیب لاہور بھیج دیے گئے ہیں۔

مقتولہ کے والد عرب گل کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی لاہور فرانزک لیب میں کیا جائے گا۔

پولیس نے لیب سے تمام متعلقہ رپورٹس جلد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ تفتیشی ٹیم نے ڈی وی آر فوٹیج اور ملزمان کے بیانات کی بنیاد پر اہم شواہد اکٹھے کیے ہیں۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق یہ کیس غیرت کے نام پر قتل کا ہے اور ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Comments are closed.