اسمگل شدہ گاڑیوں کا اسکینڈل، ایف بی آر کا بڑا کریک ڈاؤن : افسران معطل، ایف آئی آر درج، گرفتاریاں شروع

اسمگل شدہ گاڑیوں کا اسکینڈل ، ایف بی آر کا بڑا کریک ڈاؤن ، افسران معطل، ایف آئی آر درج، گرفتاریاں شروع

132 گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن، 45 نان کسٹم پیڈ لگژری گاڑیاں پکڑی گئیں ، ایف بی آر اور ایف آئی اے کی مشترکہ کارروائی

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسمگل شدہ گاڑیوں کی ریگولرائزیشن میں ملوث افسران اور نیٹ ورک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اب تک 132 گاڑیوں کی غلط رجسٹریشن اور 45 نان کسٹم پیڈ لگژری گاڑیوں کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے۔ ایک ڈپٹی کلکٹر اور اسسٹنٹ کلکٹر کو معطل جبکہ 13 افسران اور دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق نیلام شدہ گاڑیوں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے اگست 2021 میں ’’وی بوک سسٹم‘‘ میں آکشن ماڈیول متعارف کرایا گیا تھا تاکہ نیلام شدہ ضبط شدہ گاڑیوں کی تفصیلات موٹر رجسٹریشن اتھارٹیز آن لائن تصدیق کر سکیں۔ تاہم جولائی 2025 میں اس ماڈیول کے غلط استعمال کی رپورٹس سامنے آئیں، جس پر فوری تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔

تفصیلی جانچ پڑتال میں معلوم ہوا کہ سسٹم میں اپ لوڈ کی گئی 1,909 گاڑیوں میں سے 103 گاڑیاں جعلی یوزر آئی ڈیز کے ذریعے شامل کی گئیں، جن میں سے 43 گاڑیاں پہلے ہی موٹر رجسٹریشن اتھارٹیز کے ذریعے رجسٹر ہو چکی تھیں۔ اس جعلسازی میں افسران کے کوائف اور آئی ڈیز استعمال کیے گئے۔

تحقیقات سے یہ بھی انکشاف ہوا کہ یہ عمل ایک بڑے نیٹ ورک کا حصہ تھا، جس میں کسٹمز افسران، موٹر رجسٹریشن اتھارٹیز اور کار ڈیلرز شامل تھے۔ اس سنگین صورتحال کے پیشِ نظر ایف بی آر نے ایف آئی اے، کسٹمز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران پر مشتمل ایک مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کی درخواست کی۔

ترجمان کے مطابق 10 جولائی 2025 کو باضابطہ شکایت پر جے آئی ٹی نے تحقیقات شروع کیں اور 28 اگست 2025 کو ایف آئی اے نے نامزد افسران و افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔ آج ایف آئی اے نے ان افراد کو باقاعدہ گرفتار کر لیا ہے۔

اب تک کسٹمز انفورسمنٹ اس بڑے اسکینڈل پر 7 ایف آئی آر درج کر چکی ہے اور 13 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایف بی آر ادارے کے اندر موجود کرپٹ عناصر کو بے نقاب کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی کرے گا۔

Comments are closed.