عمران خان سے ملاقات کا معاملہ، توہین عدالت کی درخواست کیلئے سہیل آفریدی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط
پشاور
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے حکم پر عملدرآمد نہ کیے جانے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے توہین عدالت کیس دائر کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا۔
سہیل آفریدی نے ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط ارسال کیا، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ کی بانی سے ملاقات کروانے کا حکم دیا تھا لیکن اس کے باوجود جیل انتظامیہ نے وزیراعلیٰ کو ملنے کی اجازت نہیں دی۔
خط میں کہا گیا کہ توہین عدالت کا کیس دائر کرنے کے لیے حکم نامے کی تصدیق شدہ نقل فراہم کی جائے، جس کے لیے درخواست پہلے ہی جمع کرائی جا چکی ہے لیکن تاحال تصدیق شدہ نقل فراہم نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ 23 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی تھی کہ وہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کرے، جس کے تحت سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ہفتے میں دو بار ملاقاتوں کا شیڈول بحال کیا گیا تھا۔
عدالت نے جیل حکام کو یہ بھی ہدایت کی تھی کہ ملاقاتوں کو پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کی فراہم کردہ فہرست کے مطابق ممکن بنایا جائے۔

Comments are closed.