راجن پور کے 50 سرکاری اسکولوں سے 65 لاکھ کے سولر پینل چوری، پنجاب اسمبلی کی کمیٹی کا سخت نوٹس
لاہور
مالی سال 2022-23 کے دوران ضلع راجن پور کے 50 سرکاری اسکولوں سے 65 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے سولر پینل چوری کر لیے گئے۔ یہ انکشاف پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی-III کے سامنے پیش کی گئی آڈٹ رپورٹ میں ہوا ہے۔
تشویشناک رپورٹ پر کمیٹی نے سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف راجن پور بلکہ پورے پنجاب میں پولیس تحقیقات کا حکم جاری کیا۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات دیگر اضلاع میں بھی پیش آئے ہوں گے۔
کمیٹی کے رکن تنویراسلم ملک نے متاثرہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو سخت ہدایات جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ اسکولوں کی مکمل تفصیل فراہم کی جائے ، چوری شدہ سامان کی ممکنہ برآمدگی کی رپورٹ پیش کی جائے۔
تعلیمی محکمے نے بتایا کہ ان وارداتوں کے خلاف پولیس رپورٹس درج کرائی جاچکی ہیں، تاہم آڈٹ ڈپارٹمنٹ نے ضلعی تعلیمی حکام پر شدید تنقید کی اور کہا کہ وہ قیمتی سولر آلات کی حفاظت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔
چوری کیے گئے سولر پینل خاص طور پر پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں اسکولوں کو بجلی فراہم کرنے کے لیے لگائے گئے تھے۔ ان کی چوری سے خدشہ ہے کہ کئی اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے زور دیا ہے کہ چوری شدہ سامان فوری طور پر برآمد کیا جائے ، صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی انتظامات سخت کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
Comments are closed.