بیجنگ ( زورآور نیوز) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ سی پیک کی بدولت پاکستان کا سماجی ومعاشی منظرنامہ تبدیل ہوگیا، کسی کو پاک چین تعلقات متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق چین میں تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے چین کے ساتھ تعلقات سے زیادہ کوئی اہم نہیں ہے، پاک چین دوستی ہرموقع پرثابت قدم رہی ہے، دوطرفہ خصوصی تعلقات کو پاکستان میں قومی اتفاق حاصل ہے اور ہم کسی کو پاک چین تعلق متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاک چیک اسٹریٹجک تعاون کا مظہراور دونوں ممالک کےبڑھتےتعلقات کی علامت ہے، جو پائیدارترقی کے قومی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے، سی پیک نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کوجدید بنایا، اس کے منصوبوں سے نوجوان آبادی کو ترقی کے مواقع ملے، روزگارکے مواقع اورغربت کے خاتمے میں مدد ملی۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کو افغانستان تک وسعت دینے سے خطے میں ترقی کی راہ ہموار کر رہے ہیں، سی پیک سے ہم نے 8 سو کلو میٹرنئی سڑکیں اور شاہراہوں کا نیٹ ورک بنایا، نیشنل گرڈ میں 8 ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی، سی پیک بلوچستان کےعوام کی ترقی وخوشحالی کا مینار ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بتایا کہ میں نے بیجنگ میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کی دس سالہ ترقی پر گول میز اجلاس میں شرکت کی، ان دس سالوں میں ہم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے پیٹرن کو بہتر کیا ہے اور چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط کیا، مجھے اس پر فخر ہے جو کامیابی ہم نے حاصل کی، کامیاب تجربات کا خلاصہ کرتے ہوئے ہم اگلے مرحلے میں اقتصادی ترقی اور اختراعات کو اپنے کام کا مرکز بنانے کی بھی تیاری کر رہے ہیں۔بتاتے چلیں کہ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ 4 روزہ دورے پر گزشتہ روز چین پہنچے جہاں وہ 17 اور 18 اکتوبر کو بیجنگ میں منعقد ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے علاوہ چین کے صدر شی جن پنگ، سرمایہ کاروں اور تاجروں سے ملاقاتیں کریں گے، نگراں وفاقی وزیر تجارت گوہراعجاز بھی بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے لیے چین میں موجود ہیں۔
Comments are closed.