سوشل میڈیا پر کشمیریوں کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کا مقصد انتشار پیدا کرنا ہے ، طارق فضل چودھری

سوشل میڈیا پر کشمیریوں کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کا مقصد انتشار پیدا کرنا ہے ، طارق فضل چودھری

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

وفاقی وزیر پارلیمانی اُمور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر کشمیریوں کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں وزیر مملکت طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ یہاں کی پولیس کےخلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے،معرکہ حق کے بعد پاکستان کو ملنے والی عزت دشمن کوہضم نہیں ہورہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کو بے نقاب کرنا ہماری ذمہ داری ہے، دشمن کی طرف سےجھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کوفنڈنگ ہو رہی ہے، سوشل میڈیاپرپاکستان کے خلاف نفرت انگیز ایجنڈا پیش کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی اُمور کا کہنا تھا کہ نوجوان بغیرتصدیق کوئی بھی مواد سوشل میڈیاپرشیئرنہ کریں، آزاد کشمیر کے شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ ہم دل سے آزاد کشمیر کے شہریوں کی عزت کرتے ہیں اور قائداعظم محمد علی جناح کے قول ’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘ پر وطنِ عزیز کا ہر بچہ ایمان رکھتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دھیرکوٹ گاڑی پرحملے کی ویڈیو کو منفی اندازمیں پیش کیا گیا، ویڈیومیں تاثر دیا گیا گاڑی پرحملہ راولپنڈی میں ہوا،جعلی ویڈیوز کے ذریعے اسلام آباد پولیس کو بدنام کیا جا رہا ہے، وزیراعظم نے 5رکنی کمیٹی کو مظفرآباد بھیجا، ہم نے تحریری معاہدہ کیا۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ پرانی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر ڈرامائی اندازمیں پیش کیا جا رہا ہے، باغ ہسپتال کی ویڈیوز میں راولپنڈی کا ہسپتال بتایا گیا، آزادکشمیر میں مذاکرات کے دوران جعلی خبریں سوشل میڈیا پر پھیلائی جاتی رہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اورکشمیرکےرشتے کوکسی صورت کمزور نہیں ہونے دیں گے،اسلام آباد میں کسی قومیت کے ساتھ کوئی تفریق نہیں کی جاتی ہے۔

Comments are closed.