ریڈزون میں موٹر سائیکل کے داخلہ پر پابندی کافیصلہ کر لیا گیا

اسلام آباد (زورآور نیوز) وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے ہائی سکیورٹی زون میں موٹر سائیکل کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔معلومات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ہائی سکیورٹی زون کے حوالے سے نئی حکمت تیار کرتے ہوئے یکم نومبر سے ہائی سکیورٹی میں موٹر سائیکل کے داخلے پر پابندی عائد کردی جائے گی۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ نئی حکمت عملی کے تحت موٹرسائیکل اب کنونشن سنٹر میں پارک ہوں گے اور کنونشن سنٹر سے ہائی سکیورٹی زون میں داخلے کے لیے شٹل سروس چلائی جائے گی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پابندی پر عملدر آمد کے لئے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں، یہ فیصلہ ہائی سکیورٹی زون میں ٹریفک کے رش کو قابو میں رکھنے کے لیے کیا گیا ہے، جس کے تحت بری امام آنے اور جانے کے لیے متبادل راستہ استعمال کیا جاسکے گا۔بتایا گیا ہے کہ کیپیٹل پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی ہے، ایس پی سکیورٹی اسلام آباد نے ہائی سکیورٹی زون ناکہ جات پر ڈیوٹی سرانجام دینے والے افسران و جوانوں کو بریفنگ بھی دی ،انہوں نے موجودہ حالات کے پیش نظر الرٹ ڈیوٹی کرنے اورامن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی ہدایت جاری کی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں ڈرون اڑانے پر بھی 2 روز کیلئے پابندی عائد کر دی گئی ہے، آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی زیر صدارت سکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی، اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈرون اڑانے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔اس حوالے سے ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کہا کہ کسی بھی تقریب، جلسہ یا کسی تفریحی مقام یا مارگلہ پہاڑیوں پر ڈرون اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ہائی سکیورٹی زون میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیئے گئے۔

 

Comments are closed.