بنوں سے اغوا کیے گئے ایس ایچ او عابد وزیر کی لاش برآمد، دہشت گردی کا شبہ، علاقے میں سرچ آپریشن شروع

بنوں سے اغوا کیے گئے ایس ایچ او عابد وزیر کی لاش برآمد، دہشت گردی کا شبہ، علاقے میں سرچ آپریشن شروع

بنوں

تین روز قبل اغوا ہونے والے ایس ایچ او عابد وزیر کی لاش بنوں کے علاقے داؤد شاہ سے برآمد ہوگئی۔ پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے ممکنہ دہشت گردی کے شبہ میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق ایس ایچ او عابد وزیر کو تین روز قبل نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔ آج ان کی لاش تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع داؤد شاہ کے علاقے سے ملی۔ پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق واقعے میں دہشت گرد عناصر کے ملوث ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی رائے پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک تجزیے کے بعد دی جائے گی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بنوں تھانہ احمد زئی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جسے پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کر کے ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے، جنہیں ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ اسی حملے کے بعد دہشت گردوں نے انتقامی کارروائی کے طور پر ایس ایچ او عابد وزیر کو نشانہ بنایا۔

علاقے میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

Comments are closed.