اسلام آباد ( زورآور نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹ کے اندراج، کوائف کی درستگی، ووٹ کے اخراج اور ووٹ کی منتقلی کے لیے درخواست دینے کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعلامیہ سے معلوم ہوا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت الیکشن کمیشن کے اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اس اجلاس میں الیکشن کمیشن نے ووٹ کے اندراج، منتقلی، اخراج اور کوائف کی درستگی کی تاریخ میں 28 اکتوبر 2023 تک توسیع کر دی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ 28 اکتوبر 2023 تک اپنے ووٹ کے اندراج، ٹرانسفر، اخراج اور درستگی کو یقینی بنایا جائے، اس تاریخ تک تمام اہل افراد ووٹ کا اندراج، اخراج، منتقلی اور شناختی کارڈ کے مطابق کوائف کی درستگی کو یقینی بنائیں، ووٹرز اپنے ووٹ کا اندراج، اخراج اور درستگی ضلعی الیکشن کمیشن کے دفتر سے کرو اسکتے ہیں، قبل ازیں ووٹ کے اندراج، منتقلی اور ڈیٹا کی درستگی کی آخری تاریخ 25 اکتوبر 2023ء تھی، جس کے بارے میں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ انتخابی فہرستیں منجمد کر دی جائیں گی اور اس ڈیڈ لائن کے بعد مزید ووٹوں کا اندراج یا منتقلی نہیں کی جائے گی، تاہم اب اس تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے 28 اکتوبر 2023 تک بڑھادی گئی ہے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے ابتدائی حلقہ بندیوں کی رپورٹ اور فہرست بھی شائع کی تھی، عوام کی آگاہی کیلئے فارم 5 کا بھی اجراء کیا گیا، ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات متعلقہ حلقے کا ووٹر کرسکتا ہے، ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 27 ستمبر سے 26 اکتوبر 2023 تک جاری رہے گی اور اعتراضات جمع کرانے والے کیلئے لازم ہے کہ وہ متعلقہ حلقے کا ووٹر ہو، ضلع کے نقشے الیکشن کمیشن سے قیمت ادا کرکے لیے جاسکتے ہیں۔
Comments are closed.