جبری گمشدگیوں پر انکوائری کمیشن نے ستمبر 2025 ءمیں لاپتہ افراد کے 113 کیسز نمٹا دیے ، انکوائری کمیشن کی رپورٹ جاری
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
جبری گمشدگیوں پر انکوائری کمیشن نے ستمبر 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ستمبر کے دوران لاپتہ افراد کے 113 کیسز نمٹا دیئے گئے۔
کمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مارچ 2011 سے ستمبر 2025 تک مجموعی طور پر 10 ہزار 636 کیسز سامنے آئے، جن میں سے 8 ہزار 986 کیسز نمٹائے جا چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں قائم کمیشن کا علاقائی دفتر صوبہ بلوچستان کے کیسز نمٹاتا ہے، جہاں ستمبر کے دوران 14 لاپتہ افراد اپنے گھروں کو واپس پہنچ گئے۔
چیئرمین جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کی متحرک قیادت میں گزشتہ تین ماہ کے دوران 289 کیسز نمٹائے گئے، یعنی اوسطاً ہر ماہ 96 کیسز پر فیصلہ کیا گیا۔
لاپتہ افراد کے اہل خانہ کی سہولت کے لیے کمیشن نے خصوصی سیل بھی قائم کیا ہے، جو بچوں کے ب فارم، پنشن اور دیگر ضروری معاملات میں ریلیف فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ تعلیم، صحت اور فلاحی امور میں مدد کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام کو ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
کمیشن نے واضح کیا کہ وہ زیرِ تفتیش اور وہ کیسز جو “جبری گمشدگی” قرار نہیں پاتے، ان میں بھی مسلسل معاونت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ جامع منصوبہ تیار کر رہا ہے۔
Comments are closed.